88

چناری: پولیس کی بڑی کارروائی، چوریوں میں ملوث گروہ کا سرغنہ گرفتار، چوری شدہ گاڑی برآمد

ڈیلی دومیل نیوز.چناری (خصوصی رپورٹر) تھانہ پولیس چناری نے متعدد چوریوں میں ملوث چوروں کے گروہ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گاؤں تلی کوٹ سے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا جبکہ چوری شدہ کرولہ کار بھی برآمد کرلی گئی۔ چوروں کے سرغنہ سمیت چار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، پولیس نے مزید گرفتاریوں کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ چناری ممتاز چوہدری، اے ایس آئی قدیر مغل، ڈی ایف سی راجہ وحید، قاضی مبارک اور خواجہ عمیر نے گاؤں تلی کوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے فہد ولد ندیم کیانی کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے چوری شدہ کرولہ کار نمبر IDK-6985 برآمد کرلی گئی۔

پولیس کے مطابق ملزم فہد کیانی چوریوں کے ایک منظم گروہ کا سرغنہ ہے۔ اس کے خلاف دیگر تین ملزمان کے ساتھ زیرِ دفعہ 381-A پی پی سی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے متعدد دیگر چوریوں کا بھی اعتراف کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گذشتہ ماہ ستمبر میں گاؤں میرا بکوٹ میں بھی چوریوں کی کئی وارداتیں رپورٹ ہوئی تھیں، جن میں اسی گروہ کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ پولیس نے چوروں کے باقی ماندہ ارکان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے چوروں کے سرغنہ کی گرفتاری پر ایس ایچ او ممتاز چوہدری اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی ایسی مجرمانہ سرگرمی کرنے کی ہمت نہ کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں