60

قوموں کا وقار اتحاد میں پوشیدہ ہے، بغیر تحقیق خبروں کا پھیلاؤ نقصان دہ ہے، کمشنر میرپور ڈویژن

ڈیلی دومیل نیوز، میرپور.کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ میں عظیم فتح کے بعد پاکستان کا وقار پوری دنیا میں بلند ہوا ہے۔ ایسے حالات میں ضروری ہے کہ ہم اپنے سیاسی، سماجی، ذاتی اور گروہی مفادات کو پسِ پشت رکھ کر ریاست کے تقدس، وقار اور حرمت کا خیال رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی واقعہ کے بارے میں بغیر تحقیق کے خبریں پھیلانا معاشرے کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان کا باعث بنتا ہے، جس کی تلافی صدیوں میں بھی ممکن نہیں ہوتی۔ قوموں کی عزت اور اتحاد ان کی سب سے بڑی طاقت ہے، اگر اتحاد منتشر ہو جائے تو دشمن بآسانی غالب آجاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں و کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے زیرِ اہتمام ڈیجیٹل کشمیر سیمینار سے بطورِ مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے چیئرمین یونائیٹڈ موومنٹ سردار رضوان حنیف، آرگنائزر محمد شعیب اور سابق صدر پریس کلب ظفر اقبال مغل سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

کمشنر میرپور ڈویژن نے یونائیٹڈ موومنٹ کی فلاحی و رفاہی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں فلاحی سرگرمیوں کی اجازت نہیں، مگر آزاد کشمیر میں ایسے کاموں کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید اور سابق سینیٹر مشتاق احمد غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے امداد لے جا رہے تھے، وہ لڑائی نہیں بلکہ بھوک سے بلکتی انسانیت کو سہارا دینے جا رہے تھے، مگر انہیں روک دیا گیا، جو افسوسناک ہے۔

چوہدری مختار حسین نے مزید کہا کہ ہمیں ایسے تمام افراد اور اداروں کے ہاتھ مضبوط کرنے چاہئیں جو انسانی خدمت، نیکی اور بھلائی کے کاموں میں مصروف ہیں، کیونکہ یہی کام معاشرتی استحکام اور قومی وقار کا سبب بنتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں