ڈیلی دومیل نیوز،جموں و کشمیر لبریشن سیل اور ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام “مقبوضہ کشمیر اور انسانی حقوق کے علمبردار” کے عنوان سے ضلعی سطح کے تقریری مقابلہ جات کا آغاز دارالحکومت مظفرآباد میں ہوگیا۔ تحصیل سطح کے مقابلہ جات کے بعد ضلعی سطح کا پہلا مقابلہ علی اکبر اعوان ہائی سکول چھتر میں منعقد ہوا جس میں ضلع مظفرآباد کے مختلف سکولوں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور حصہ لیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جموں و کشمیر لبریشن سیل ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں سیدہ ایمن کاظمی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ خواجہ محمد نعیم، فوکل پرسن محکمہ تعلیم میڈم ناہید اختر، ڈپٹی ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل شائستہ افتخار، پرنسپل اصغر عباسی، خواجہ ہارون الرشید، بابر بشیر اور دیگر موجود تھے جبکہ مقابلے کے ججز کے فرائض عبدالبصیر تاجور اور دیگر نے سرانجام دیے تقریب کے اختتامی سیشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے کہا کہ ایسے تقریری مقابلوں کا مقصد نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ علم و آگاہی کے ذریعے مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں سیدہ ایمن کاظمی نے کہا کہ طالبات نے اپنی تقاریر کے ذریعے مسئلہ کشمیر پر گہری فکری بصیرت کا مظاہرہ کیا جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں طلبہ کی شخصیت سازی اور قومی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔محکمہ تعلیم طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کے مواقع بھی فراہم کر رھا ہے اساتذہ طلباء کو بہترین تعلیم اور انکی اخلاقی تربیت پر بھی بھرپور توجہ دے رہے ہیں ۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ خواجہ محمد نعیم نے کہا کہ تقریری مقابلے طلبہ میں اظہار خیال کی صلاحیت نکھارنے اور قومی مسائل سے آگاہی پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کشمیری عوام کے بنیادی حق خودارادیت کا مسئلہ ہے جسے اجاگر کرنا ہم iسب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے انعامات تقسیم کیے اور ان کے اساتذہ کی محنت اور لگن کو سراہا۔
2