103

ریاست خطرات میں گھری ہوئی ہے عوام بھوک سے نڈھال حکمران اقتدار کی ہوس میں مصروف ہیں طاہر کھوکھر

اسلام آباد (ڈیلی دومیل نیوز)پاسبانِ وطن پاکستان کے مرکزی صدر اور سابق وفاقی وزیرسیاحت و ٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ پاکستان آج تاریخ کے نازک ترین دوراہے پر کھڑا ہے ریاست خطرات میں گھر چکی ہے عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں جبکہ حکمران طبقہ اقتدار اور کرسی کے حصول کی دوڑ میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے غریب شہری بھوک مہنگائی اور بیروزگاری سے نڈھال ہیں جبکہ سیاسی اشرافیہ قومی خزانے کو لوٹنے میں مصروف ہے۔طاہر کھوکھر نے کہا کہ موروثی سیاسی جماعتوں نے ریاستی اداروں کو کمزور کر کے ذاتی مفادات کو ترجیح دی اقتدار کی ہوس میں عوامی منصوبے تباہ کر دیے گئے ملکی معیشت کمزور ہو گئی اور عام آدمی کی زندگی عذاب بن چکی ہے آج ملک میں کروڑوں لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اسپتالوں میں علاج نہیں ادویات نہیں نوجوانوں کو روزگار نہیں کسان کو کھاد اور مزدور کو اجرت نہیں مل رہی۔انہوں نے کہا کہ حکمران طبقے کی نااہلی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے ہر آنے والی حکومت سابق حکومت پر الزامات لگاتی ہے لیکن عوامی فلاح کا کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جاتا اقتدار کے کھیل میں عوامی مفاد ہمیشہ پسِ پشت ڈال دیا ہے۔پاسبانِ وطن پاکستان کے صدر نے کہا کہ حکومت نے ملک کو بین الاقوامی مالیاتی اداروں آئی ایم ایف کے سپرد کر دیا ہے غیر ملکی قرضوں کا بوجھ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے مگر اس کے بدلے عوام کو مہنگائی ٹیکسوں اور بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں مل رہاملک کو ایسے قرضوں میں جکڑ دیا گیا ہے جن کی ادائیگی کے لیے آنے والی نسلیں بھی قربانیاں دیں گی۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ ناانصافیوں کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے بجلی گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب عوام کی کمر توڑ دی گئی ہے دیہاڑی دار طبقہ مہینے بھر کی کمائی سے صرف بل ادا کر کے خالی ہاتھ رہ جاتا ہے۔طاہر کھوکھرنے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کے عوام اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہوں ہمیں اپنی تقدیر اپنے ہاتھوں میں لینا ہوگی کیونکہ یہی ملک ہمارا گھر ہے اگر عوام خاموش رہے تو حکمران طبقہ اور مورثی سیاست دان ملک کو مکمل طور پر عالمی قوتوں کے ہاتھ بیچ دے گا۔انہوں نے کہا کہ پاسبانِ وطن پاکستان ایک ایسی سیاسی قوت ہے جو عوامی خدمت اور ریاست کی خودمختاری کے نظریے پر قائم ہے ہم سیاست برائے اقتدار نہیں بلکہ سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتے ہیں ہمارا مقصد اس ملک کو کرپٹ نااہل اور موروثی سیاست سے نجات دلانا ہے پاسبانِ وطن پاکستان ایسے نوجوانوں اور مخلص افراد کو قیادت میں لانا چاہتی ہے جو ریاست کو خود کفیل مضبوط اور خوشحال بنانے کے لیے دن رات کام کریں پاکستان کے وسائل بے پناہ ہیں مگر غلط ترجیحات اور ناقص حکمرانی نے ملک کو قرضوں پر چلنے والا ملک بنا دیا ہے ہماری زرخیز زمین محنتی نوجوان اور قدرتی دولت اگر صحیح سمت میں استعمال کی جائے تو پاکستان چند سالوں میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو سکتا ہے قوم مایوسی سے نکل کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرے ہمیں لسانیت ذات پات اور سیاسی تقسیم سے اوپر اٹھ کر ایک قوم بننا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں