7

مظفرآباد: ایکشن کمیٹی کو فنڈنگ کا الزام؛ اسسٹنٹ کمشنر کی بڑی کارروائی، عنایت بیکرز سمیت 4 دکانیں سیل

مظفرآباد (خصوصی رپورٹر): ضلعی انتظامیہ مظفرآباد نے ریاست میں قانون کی بالادستی اور امن و امان کے قیام کے لیے ایک اور بڑی اور سخت کارروائی عمل میں لائی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد حماد بشیر کے مطابق، حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی “جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی” کو مبینہ طور پر مالی معاونت اور فنڈنگ فراہم کرنے کے الزام میں اپر اڈہ پر واقع مشہور تجارتی مرکز “عنایت بیکرز اینڈ سویٹس” سمیت 4 دکانوں کو قانون کے تحت کارروائی کرتے ہوئے موقع پر ہی سیل کر دیا گیا ہے۔

کالعدم کمیٹی کو فنڈنگ اور وائرل ویڈیو کا معاملہ

انتظامیہ کے مطابق یہ کارروائی ٹھوس شواہد اور حالیہ مانیٹرنگ کے بعد کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں عنایت بیکرز کے مالکان کو کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر شوکت نواز میر کو نقد رقم (فنڈز) دیتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد حکومتی اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے نوٹس لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر حماد بشیر کی سربراہی میں پولیس اور انتظامیہ کی نفری نے اپر اڈہ کا رخ کیا اور کالعدم تنظیم کی مالی معاونت کرنے کے جرم میں ان دکانوں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر سیل (Sealed) کر دیا۔

انتظامیہ کا سخت وارننگ پیغام

اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ایسی تنظیم، گروہ یا روپوش فرد کی مالی، اخلاقی یا لاجسٹک معاونت کرنا قانوناً جرم ہے جسے حکومتِ آزاد کشمیر کی جانب سے کالعدم یا اشتہاری قرار دیا جا چکا ہو۔ انتظامیہ نے تاجر برادری اور شہریوں کو سختی سے تنبیہ کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا فنڈنگ کا حصہ بننے سے گریز کریں، بصورتِ دیگر بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں