ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد: آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں شوائی تا شہید گلی روڈ اور شوائی نالہ کے علاقے میں غیر قانونی چائنہ کٹنگ کا سلسلہ تیزی سے بڑھ گیا ہے، جس سے نہ صرف مقامی ماحول متاثر ہو رہا ہے بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
مقامی آبادی کے مطابق سرکاری اراضی اور پہاڑی دامن کو ٹکڑوں کی شکل میں کاٹ کر فروخت کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ علاقے کے مکینوں نے بتایا کہ شوائی نالہ میں بھی غیر قانونی پہاڑوں کی کٹائی عروج پر پہنچ چکی ہے اور بھاری مشینری کے ذریعے پہاڑوں کو کاٹ کر تعمیراتی ملبہ نالے میں پھینکا جا رہا ہے۔ یہ صورتحال سیلابی خطرات، نالہ بندش اور کمزور ہونے والے اسٹرکچر کی وجہ سے بڑے حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔