ڈیلی دومیل نیوز،ترجمان وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر شوکت جاوید میر کا لیپہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا ،ان کی آمد پر ممبر ضلع کونسل لیپہ کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی وادی لیپہ کے کارکنان نے شاندار، والہانہ اور پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے پارٹی پرچم تھام رکھے تھے اور نعرہ بازی کے ذریعے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔استقبالیہ موقع پر کارکنان نے شوکت جاوید میر کی ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے پر تعیناتی پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی بلکہ وادی لیپہ کے عوام کے لیے بھی ایک اعزاز قرار دیا۔ کارکنان کا کہنا تھا کہ شوکت جاوید میر ایک متحرک، عوام دوست اور نظریاتی رہنما ہیں جن کی قیادت میں وادی لیپہ میں پاکستان پیپلز پارٹی مزید مضبوط اور منظم ہو گی۔کارکنان نے اس امید کا اظہار کیا کہ شوکت جاوید میر عوامی مسائل کے حل، نوجوانوں کے لیے مواقع کی فراہمی، بنیادی سہولیات کی بہتری اور خطے کی مجموعی ترقی کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور شوکت جاوید میر کی نامزدگی اس تسلسل کا مظہر ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شوکت جاوید میر نے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، سیاسی امور کے انچارج چوہدری ریاض اور پارٹی کے تمام کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کی جانب سے ان پر اعتماد قابلِ فخر ہے اور وہ اس ذمہ داری کو دیانت داری، محنت اور خلوص کے ساتھ نبھائیں گے۔شوکت جاوید میر نے مزید کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کے مطابق عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیحات میں رکھیں گے اور وادی لیپہ کی تعمیر و ترقی، مسائل کے حل اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی کارکنان کو ساتھ لے کر چلتے ہوئے پیپلز پارٹی کو وادی لیپہ میں ایک مضبوط سیاسی قوت بنایا جائے گا، آخر میں کارکنان نے شوکت جاوید میر کے حق میں بھرپور نعرے لگائے اور ان کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
105
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل