ڈیلی دومیل نیوز،سال 2025 پاکستان کے لیے سفارتی اعتبار سے نہایت اہم رہا، جس دوران پاکستان کو مختلف عالمی فورمز اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں سفارتی سرگرمیوں میں شرکت کا موقع ملا۔ اس سال صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے 5 غیر ملکی دورے کیے، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 28 جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے 43 غیر ملکی دورے کیے۔
سفارتی سطح پر سال 2025 میں پاکستان کو مشرق وسطیٰ کے امن عمل میں اہمیت حاصل ہوئی، جبکہ دنیا کے مختلف ممالک نے پاکستان کے ساتھ سفارتی اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینے میں دلچسپی ظاہر کی۔
26 مئی کو وزیراعظم شہباز شریف نے ایران، ترکیہ اور آذربائیجان کے دورے کیے، جن میں فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ان دوروں کا مقصد پاک بھارت فوجی کشیدگی کے دوران ان ممالک کی جانب سے حمایت پر شکریہ ادا کرنا تھا۔
ستمبر کے مہینے میں پاکستانی قیادت کے بیرونِ ملک دورے خصوصی اہمیت کے حامل رہے۔ 17 ستمبر کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ طے پایا، جس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کو سعودی فضاؤں میں فضائی سلامی، توپوں کی سلامی اور گارڈ آف آنر دیا گیا۔