ڈیلی دومیل نیوز،کوئٹہ کے مصروف تجارتی علاقے لیاقت بازار میں واقع اچکزئی پلازہ میں آگ لگ گئی، جو چند لمحوں میں شدت اختیار کر گئی اور پلازہ میں قائم متعدد دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ تمام کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہو گئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، لیاقت بازار میں واقع اس پلازہ میں لگنے والی آگ نے کئی دکانوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے، اور فائر بریگیڈ کا عملہ آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مسلسل مصروف ہے۔ تاہم تنگ راستوں اور شدید دھوئیں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے اور آگ پر قابو پانا مشکل ثابت ہو رہا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، اچکزئی پلازہ میں تقریباً 25 دکانیں موجود ہیں جو موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر الیکٹرانک آلات کی فروخت کے لیے کام کر رہی تھیں، اور ان دکانوں میں قیمتی سامان رکھا ہوا تھا۔ آگ صبح تقریباً 4 بجے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، اور چند لمحوں میں شدت اختیار کر گئی۔