ڈیلی دومیل نیوز،مکہ مکرمہ: سعودی حکومت نے حج سیزن 2026 کے دوران مکہ مکرمہ میں داخلے کے لیے پرمٹ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ سعودی وزارتِ داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ حج پرمٹ کے بغیر حج کرنے والے غیر ملکیوں کو نہ صرف بھاری جرمانہ ادا کرنا ہوگا بلکہ انہیں سخت قانونی سزاؤں کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، ایسے تمام اقامہ ہولڈرز جو غیر قانونی طور پر مکہ مکرمہ میں داخل ہوتے، قیام کرتے یا ایامِ حج میں بغیر پرمٹ پکڑے گئے، ان پر 20 ہزار ریال سے لے کر ایک لاکھ ریال تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ سزاؤں کا سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوتا، بلکہ ایسے افراد کو فوری طور پر ملک بدر کر دیا جائے گا اور ان کے سعودی عرب میں دوبارہ داخلے پر 10 سال کی طویل پابندی بھی لگا دی جائے گی۔ وزارتِ داخلہ نے مقامی شہریوں کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر کسی قسم کی سہولت کاری سے باز رہیں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔