ڈیلی دومیل نیوز،سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کی بھارتی حکومت نے جینے کے حق سمیت کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کررکھے ہیں اور وہ اپنے ہی وطن میں مسائل ومشکلات کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کو اسکے باشندوں کے لیے جہنم بنا دیا ہے ، بھارتی فورسز نے قتل و غارت، گرفتاریوں، تشدد، املاک کی ضبطی، خواتین کی بے حرمتی اورجبر و استبداد کی دیگر کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوںکا جینا حرام رکررکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر کے بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات نے کشمیر اور کشمیریوں کے حوالے سے مکروہ بھارتی چہرہ مزید بے نقاب کر دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ کشمیری محض اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں جسے اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوںمی تسلیم کر رکھا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت اب مقبوضہ علاقے میں نئی مردم شماری کرنے جا رہی ہے جس میں ان غیر کشمیری بھارتی ہندوﺅںکو شامل کیا جائے گا جنہیں اگست 2019کے بعد علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس دیے گئے ہیں۔انہوںنے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری غیر قانونی بھارتی اقدامات کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے بھارتی قیادت پر دباﺅ ڈالے۔
6