ڈیلی دومیل نیوز،وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے ڈیجیٹل اینڈ سوشل میڈیا جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب ایوان وزیراعظم مظفرآباد میں منعقد ہوئی جس میں وزراء حکومت سردار جاوید ایوب، نبیلہ ایوب، چوہدری عامر یاسین، ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر شوکت جاوید میر، ناظم تعلقات عامہ طارق جمیل درانی، وائس چئیر مین آزادجموں وکشمیر پریس فاونڈیشن سردار ذوالفقار، صدر سنٹرل پریس کلب مظفرآباد سہیل مغل، سابق صدور پریس کلب سید آفاق حسین شاہ، طارق نقاش، سینئر صحافیوں و دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر اعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ سوشل اینڈ ڈیجیٹل میڈیا ابلاغ کا موثر ترین ذریعہ ہے، لائیو سٹریم میڈیا اور پرنٹ میڈیا بھی صارفین تک پہنچنے کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہیں، سوشل میڈیاپر فیک نیوز کے پھیلنے کے امکانات زیادہ ہیں جہاں صارفین بیک وقت خبر کے قاری بھی ہیں اور تخلیق قار بھی۔ آزاد کشمیر حساس خطہ ہے اور یہاں سے کوئی بھی غیر ذمہ دارانہ خبر دشمن کو پروپیگینڈا کرنے کا جواز فراہم کرتی ہے، صحافی، نوجوان ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کو فیک نیوز کے پھیلاو کی روک تھام اور سوشل میڈیا کو تعمیری اور قومی مفاد کیلئے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ بغیر تحقیق کے افواہ سازی اور سنسنی خیز خبر یں اگرچہ تیزی سے پھیلتی ہیں لیکن ان کا اثر دیر پا نہیں ہوتا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے چھہ ماہ کی مختصر حکومت کے دوران عوامی مسائل کو فوری حل کرنے کی کوشش کی ہے بالخصوص صحافیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے سوشل اینڈ ڈیجیٹل میڈیا جرنلسٹس ایسوسی ایشن کیلئے 10 لاکھ روپے کا اعلان کیا، انہوں نے فیک نیوز کے پھیلاو کی روک تھام اور سوشل میڈیا کے موثر استعمال کیلئے سوشل اینڈ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف صحافت اور سیاست کے پلیٹ فارمز سے بلکہ ہر شعبے کے افراد نے ملکر معاشرے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا ہے۔ ہر فرد کا اپنا ایک رول ہے اگر ہم سب ملکر انفرادی طور پر معاشرے کیلئے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں گے تو خطہ ترقی کرے گا۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آج کا دن اس لئے بھی اہم ہے کہ بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے ہم پر جو جنگ مسلط کی اس کے جواب میں معرکہ حق کی کامیابیوں کے ثمرات سے آج بھی دنیا میں پاکستان کا ڈنکا بجتا ہے۔حلف برداری تقریب سے نو منتخب صدر سوشل اینڈ ڈیجیٹل میڈیا جرنلسٹس ایشن چوہدری نصیر نے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ آزادی صحافت کی علمبردار رہی ہے اور وزیراعظم آزادکشمیرنے خطے کے صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے ہیں جن پر ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، نو منتخب صدر نے کہا کہ سوشل اینڈ ڈیجیٹل میڈیا جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے سوشل اینڈ ڈیجیٹل میڈیا کے مثبت اور موثر استعمال پر تربیتی ورکشاپ کی ضرورت پر زور دیا۔ نو منتخب صدر نے سوشل اینڈ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کی منظوری کا مطالبہ بھی کیا۔ نومنتخب سیکرٹری جنرل راجہ شعیب محمود نے سوشل اینڈ ڈیجیٹل میڈیا جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے قیام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ حلف لینے والوں میں نصیر چوہدری صدر ، عرفان اکرم سینئر نائب صدر، اسامہ زین نائب صدر اول، محترمہ علیشا عندلیب نائب صدر دوئم برائے خواتین، راجہ شعیب محمود جنرل سیکرٹری، منیب عباسی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، سیدہ زہرہ فاطمہ جوائنٹ سیکرٹری، کاشف جاوید سیکرٹری مالیات، عبد القیوم سیکرٹری اطلاعات،عادل شہزاد سیکرٹری ریکارڈ شامل تھے۔ حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوائس چئیرمین پریس فاونڈیشن سردار ذوالفقار نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے 6 ماہ کیلئے جب حکومت سنبھالی تو مجھ سمیت سب کا خیال تھا یہ ایک بہت بڑی آزمائش ہے لیکن جس انداز میں حکومت نے مختصر وقت میں ڈیلیور کیا ہے آج سب کہ رہے ہیں کہ موجودہ حکومت کامیاب ترین حکومت ہے، وزیراعظم نے قلیل وقت میں عوامی مسائل حل کئے، قومی لائیو سٹریم میڈیا پر کشمیر کی صحیح معنوں میں نمائندگی کی بلکہ ریاستی میڈیا ورکرز کا بھی خیال رکھا ہے۔ صدر سہیل مغل نے کہا کہ سوشل وڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن کے قیام پر نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتا ہوں، انہوں نے سوشل اینڈ ڈیجیٹل میڈیا کے مثبت استعمال پر زور دیا۔سابق صدر پریس کلب طارق نقاش نے کہا کہ ڈیجیٹل اینڈ سوشل میڈیا موجودہ دور کی حقیقت بن چکا ہے جہاں سمارٹ فونز کے صارفین کسی بھی وقت خبر شائع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل اینڈ ڈیجیٹل میڈیا ایک دو دہاری تلوار ہے جہاں اس کے بے شمار فوائد ہیں وہی اس کے نقصانات بھی ہیں۔ کشمیر ایک حساس خطہ ہے جہاں سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی حوصلہ افزائی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ سنسنی اور فیک نیوز کے پھیلاو کے بجائے توازن اور تصدیق کے بعد حقائق کو صارفین تک پہنچائیں، قبل ازیں وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا حلف برداری تقریب آمد پر صدر سوشل اینڈ ڈیجیٹل میڈیا جرنلسٹس ایسوسی ایشن چوہدری نصیر سمیت عہدیداران نے پرتپاک استقبال کیا۔
5
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل