ڈیلی دومیل نیوز،مظفرآباد: ہائی کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے ممبر الیکشن کمیشن سید نذیر الحسن گیلانی کی تقرری کو چیلنج کرنے والی رٹ پٹیشن کو خارج کر دیا ہے۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس سردار لیاقت حسین شاہین اور جسٹس چوہدری خالد رشید پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اس اہم کیس کی سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ سنایا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈووکیٹ سردار عثمان قاسم نے عدالتِ عالیہ میں ایک رٹ پٹیشن دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ حکومت نے 10 جنوری 2025 کے نوٹیفکیشن کے ذریعے سید نذیر الحسن گیلانی کو ممبر الیکشن کمیشن مقرر کیا جو کہ 13 جنوری 2025 کو گزٹ میں شائع ہوا۔ درخواست گزار کا دعویٰ تھا کہ یہ تقرری آئینِ آزاد کشمیر کی دفعہ 50(5) کی صریحاً خلاف ورزی ہے کیونکہ موصوف نے کبھی بی پی ایس 21 یا اس سے اعلیٰ گریڈ میں خدمات انجام نہیں دیں، جو کہ اس عہدے پر تعیناتی کے لیے ایک لازمی قانونی شرط ہے۔