مظفرآباد (ڈیلی دومیل نیوز) ناظم تعلقات عامہ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر طارق جمیل درانی سے آزاد کشمیر نیوز پیپر سوسائٹی (AKNS) کے صدر سردار زاہد تبسم کی سربراہی میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں سیکرٹری جنرل اے کے این ایس ذوالفقار بٹ، سینئر صحافی سردار عبدالحمید اور جاوید اقبال شامل تھے۔
ملاقات کے دوران صدر اے کے این ایس سردار زاہد تبسم نے طارق جمیل درانی کو ناظم تعلقات عامہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وفد نے ریاستی اخبارات کے کردار، میڈیا کی بہتری، ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ اور ڈیجیٹل میڈیا کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔
اس موقع پر آزاد کشمیر میں صحافتی اقدار کے فروغ، عوام تک معلومات کی بروقت فراہمی اور روایتی و ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر کردار پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ناظم تعلقات عامہ طارق جمیل درانی نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات اور میڈیا ریاستی ترقی، عوامی آگاہی اور جمہوری اقدار کے فروغ میں ایک دوسرے کے معاون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات آزاد کشمیر کے اخبارات، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور صحافی برادری کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے کوشاں رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی ترجیح عوام تک مستند، بروقت اور درست معلومات کی فراہمی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے میڈیا کے ساتھ مضبوط روابط ناگزیر ہیں۔