3

مظاہرین کو ٹھنڈا پانی پیش کریں گے ، وزیراعظم آزاد کشمیر

ڈیلی دومیل نیوز،اسلام آباد: آزاد کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ایکشن کمیٹی اس بار سڑکوں پر نہ آئے ۔ہم چاہتے ہیں کہ مذاکرات کے ذریعے اور افہام و تفہیم سے راستہ نکال لیا جائے ،اگر احتجاج ہوتا بھی ہے تو مظاہرین کو ٹھنڈا پانی پیش کریں گے انہیں طاقت اور فورس کے ذریعے نہیں روکیں گے ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ نشستوں پر کمی پر بھی بات کی گئی ہے ہم نے مذاکرات کا دروازے بند نہیں کئے ۔ہمارے لئے ریاست کا مفاد سب سے زیادہ ضروری ہے ۔مہاجرین کی قربانیاں ہیں ان کا ایک رول ہے انہیں کسی بھی حوالے سے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ جب پچھلی بار اُن کی طرف سے کال دی گئی تھی، تو اس وقت اُن کے کچھ ایسے مطالبات تھے جس کی بنیاد پر انہوں نے ہڑتال کا فیصلہ کیا لیکن اس کے بعد جو اُن سے معاہدہ ہوا، ہم نے یہ کوشش کی کہ حکومت میں آنے کے بعد جتنے بھی معاملات تھے، ہم نے اس کو کرنے میں ایک لمحہ بھی تاخیر نہیں کی ۔

ہماری ایکشن کمیٹی سے بڑے اچھے ماحول میں ہماری بات چیت ہوئی،ان کے ساتھ تمام ایشوز کو ڈسکس بھی کیا گیا، حکومت کی طرف سے جتنے معاملات تھے جو جو حل کیے گئے، ایک ایک کر کے وہ بھی بتائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس وقت کہا تھا کہ ہمیں تھوڑا سا وقت دے دیں چونکہ جو ڈیٹ انہوں نے دی تھی 9 تاریخ کی، جو نشستوں کا فیصلہ ہے ، وہ اکیلے ایک جماعت کے بس کی بات نہیں، اس میں ایک پولیٹیکل اتفاق رائے چاہیے اور اس کے لیے ہم چاہتے تھے کہ اے پی سی بلائیں، تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر اس پہ بات کریں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پرائم منسٹر پاکستان کے ساتھ اجلاس ہوا اور اس معاملے پر بات چیت کی گئی، تو کوشش تو پوری ہے جی، ہم کبھی نہیں چاہتے کہ ریاست کسی امتحان میں جائے، یہ لوگ ہمارے اپنے ہیں لیکن تحریک چلانا، اپنے معاملات کو عوام میں لے کر جانا یقیناً اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ اُنہیں بات سننی بھی چاہیے، ہمیں سمجھنی بھی چاہیے اور ہم سمجھ بھی رہے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں