مظفرآباد(ڈیلی دومیل نیوز)مانک پیاں مہاجر کیمپ میں بجلی کا شدید بحران، ٹرانسفارمر گزشتہ تین روز سے خراب،برقیات عملہ چندے کا منتظر، تین روز سے ٹال مٹول کرنے لگا۔تین روز گزرنے کے باوجود نہ تو ٹرانسفارمر میں خرابی کیا ہے یہ پتا کیا جاسکا اور نہ ہی اتار کر ورکشاپ لے جایاجاسکا۔محکمہ برقیات کی جانب سے ٹرانسفارمر خرابی پر چندہ جمع نہ کرنے کا حکم نامہ صرف کاغذوں تک محدود،بجلی بندش کے باعث گزشتہ تین روز سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔بجلی کی طویل بندش نے نہ صرف شہریوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے بلکہ محکمہ برقیات کے اہلکاروں کے رویے نے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا ہے۔عوام علاقہ کا کہنا ہے کہ ٹرانسفارمر کی خرابی کی اطلاع بارہا متعلقہ اہلکاروں کو دی گئی، لیکن اہلکار فون اٹھانے کو تیار نہیں ہیں۔ بار بار کی شکایات کے باوجود ٹال مٹول سے کام لیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے شدید سردی کے اس موسم میں بوڑھے، بچے اور مریض بے حال ہیں۔ محکمہ برقیات کی جانب سے واضح احکامات کے باوجود کہ کسی بھی فنی خرابی کی صورت میں عوام سے کوئی رقم جمع نہ کی جائے ٹرانسفارمر مرمتی کے لیے چندے کامنتظر ہے۔ اہل محلہ کا کہنا ہے کہ یہ ٹال مٹول محض اس لیے کی جا رہی ہے تاکہ عوام تنگ آ کر اپنی جیبوں سے رقم نکالنے پر مجبور ہو جائیں۔علاقہ مکینوں نے محکمہ برقیات کے اعلیٰ حکام اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور خراب ٹرانسفارمر کی تبدیلی یا مرمت کی جائے۔ ڈیوٹی میں غفلت برتنے والے اہلکاران کے خلاف کارروائی کی جائے۔عوام کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر بجلی بحال نہ کی گئی تو وہ احتجاجاً سڑکوں پر نکلنے اور قانونی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔
14
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل