مظفرآباد(ڈیلی دومیل نیوز) فوڈ اتھارٹی نے عوامی صحت کے تحفظ کے لیے جاری کریک ڈاؤن کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر گوشت کی ترسیل میں ملوث ایک گاڑی کوضبط کرتے ہوئے تھانہ چھتر میں ایف آئی آر درج کرادی۔فوڈ اتھارٹی ٹیم نے دورانِ چیکنگ گاڑی نمبر، رجسٹرڈ راولپنڈی کو روکا۔ تلاشی کے دوران گاڑی سے غیر معیاری اور غیر قانونی گوشت برآمد ہوا، جو فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 اور پیور فوڈ ریگولیشن 2019 کی خلاف ورزی ہے۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق مذکورہ ترسیل پر پہلے ہی پابندی عائد تھی، اس کے باوجود قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عوامی صحت کو شدید خطرے میں ڈالا گیا۔ واقعے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے گاڑی تحویل میں لے لی گئی جبکہ ذمہ داران کے خلاف فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 کے تحت قانونی کارروائی کے لیے تھانہ چھتر میں درخواست دے دی گئی ہے۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے کہا ہے کہ عوامی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ غیر قانونی اور غیر معیاری خوراک کے کاروبار کے خلاف فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے اور آئندہ بھی ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ کاروائی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر راجہ حنیف، محب علی، حرم بٹ سمیت معاون عملہ نے حصہ لیا۔
77
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل