ڈیلی دومیل نیوز،مظفرآباد (نامہ نگار) دفتر کمشنر مظفرآباد کو موصول ہونے والی متعدد عوامی شکایات کے مطابق بعض نامعلوم افراد شہریوں کو فون کالز اور پیغامات کے ذریعے یہ باور کروا رہے ہیں کہ وہ کمشنر آفس سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان جعلی کالرز کا دعویٰ ہے کہ حکومت کی جانب سے سولر سسٹم مفت یا کم قیمت پر فراہم کیے جا رہے ہیں اور اس کے عوض وہ شہریوں سے رجسٹریشن فیس یا دیگر چارجز کے نام پر رقم طلب کر رہے ہیں۔
ترجمان کمشنر آفس کے مطابق، کمشنر مظفرآباد ڈویژن کی جانب سے اس نوعیت کا کوئی پروگرام جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی شہری سے فون یا پیغام کے ذریعے رقم طلب کی جا رہی ہے۔ یہ تمام کالز اور پیغامات جعلی، دھوکہ دہی پر مبنی اور غیر قانونی ہیں۔
کمشنر مظفرآباد نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں، کسی بھی نامعلوم نمبر سے موصول ہونے والی کال یا میسج پر اعتماد نہ کریں، اور کسی بھی قسم کی مالی معلومات یا رقم کی ادائیگی سے گریز کریں۔
اگر کسی شہری سے ’’کمشنر آفس‘‘ یا ’’سرکاری اسکیم‘‘ کے نام پر رقم طلب کی جائے تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیں۔ ایسی کالز یا پیغامات کی ریکارڈنگ یا اسکرین شاٹ محفوظ رکھیں تاکہ تحقیقات میں مدد مل سکے۔
کمشنر آفس نے واضح کیا ہے کہ سرکاری اسکیمیں ہمیشہ میڈیا، اخبارات اور سرکاری ویب سائٹس کے ذریعے عوام تک پہنچائی جاتی ہیں، نہ کہ نجی فون کالز یا پیغامات کے ذریعے۔
عوام کی آگاہی اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اپیل کی گئی ہے کہ جعلی اسکیموں سے ہوشیار رہیں اور دوسروں کو بھی باخبر کریں۔