108

جہلم ویلی پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول ہٹیاں دوپٹہ کے ملازم کو گرفتار کر لیا

ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد (نامہ نگار) جہلم ویلی پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول ہٹیاں دوپٹہ کے ملازم مصطفی کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ شراب لے کر فروخت کے لیے جا رہا تھا۔ پولیس نے ملزم سے موقع پر ہی شراب کی بوتلیں برآمد کر لیں اور اسے حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم سرکاری ملازم ہے اور سکول میں بطور چوکیدار خدمات انجام دے رہاہے یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کی تلاشی لی، اس سے شراب برآمد ہوئی جو وہ مبینہ طور پر فروخت کرنے کے لیے لے جا رہا تھا۔ایک سرکاری تعلیمی ادارے کے ملازم کی اس طرح کی حرکت طلبہ پر منفی اثرات کے خدشے کا پیش خیمہ ہے اس واقعے نے تعلیمی ماحول اور طلبہ کی اخلاقی تربیت پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ایک ایسا شخص جو منشیات کے کاروبار میں ملوث ہو، اگر تعلیمی ادارے میں ملازم ہو تو وہ بچوں کی ذہن سازی پر انتہائی منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ والدین اور علاقہ مکینوں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے افراد کی موجودگی نہ صرف تعلیمی ماحول کو آلودہ کرتی ہے بلکہ بچوں کے کردار کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔عوامی حلقوں اور والدین نے محکمہ تعلیم اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور تمام تعلیمی اداروں کے ملازمین کی جانچ پڑتال کی جائے تاکہ بچوں کو ایک محفوظ، منشیات سے پاک اور مثبت تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ محکمہ تعلیم کو بھی چاہیے کہ وہ بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو معطل کر کے اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں