ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد (نامہ نگار) نائب تحصیلدار مظفرآباد میر گلفراز خان نے بینک روڈ، ٹانگہ اسٹینڈ اور دیگر بازاروں کا اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹ کے برخلاف اشیاء فروخت کرنے والے تاجروں کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔
نائب تحصیلدار نے تاجروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی دکانوں کے سامنے پرائس لسٹ نمایاں طور پر آویزاں کریں تاکہ عوام کو نرخوں سے آگاہی حاصل ہو سکے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میر گلفراز خان نے کہا کہ عوام کو سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ پرائس کنٹرول کمیٹی کی ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کی ہدایت پر شہر میں تجاوزات کے خاتمے اور نرخوں کے استحکام کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ عوام اور تاجروں سے اپیل ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ شہر میں منصفانہ کاروباری نظام قائم رکھا جا سکے۔