ڈیلی دومیل نیوز،چناری (خصوصی رپورٹر) یونین کونسل چکہامہ اور نڑدجیاں میں غذائیت اور حفظان صحت سے متعلق پائلٹ پروجیکٹس کے حوالہ سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی بینش جرال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر طاہر رحیم مغل، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسران، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسران، پولیس و انتظامی افسران کے علاوہ سرکاری و نجی تعلیمی ادارہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں یونین کونسل چکہامہ اور نڑدجیاں کے بچوں میں غذائی کمی کے تدارک پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر بینش جرال نے کہا کہ تعلیمی ادارے بچوں کا مکمل ڈیٹا فراہم کریں تاکہ محکمہ صحت مستحق بچوں کو لنچ بکس مہیا کر سکے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ والدین بچوں کو جیب خرچ نہ دیں تاکہ وہ غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء جیسے پاپر، سلانٹی وغیرہ خریدنے سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے پراپر کھانا نہیں کھاتے جس سے ان کی نشوونما متاثر ہوتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام اساتذہ کو پروگرام پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر طاہر رحیم مغل نے اجلاس کے شرکاء کو پروگرام کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسران نے یقین دلایا کہ اداروں کی بہتری اور بچوں کی صحت کے لیے اساتذہ کے باہمی روابط کو مضبوط بنا کر اس منصوبے کو کامیاب بنایا جائے گا۔