ڈیلی دومیل نیوز،اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے آبنائے ہرمز میں حالیہ کشیدگی میں کمی اور جاری سفارتی مصروفیات کو ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایران مذاکرات میں پاکستان ایک قابل اعتماد اور فعال ثالث کے طور پر سامنے آیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسعود خان نے ایک بیان میں کہا کہ تجارتی جہاز رانی کی بحالی نے عالمی اقتصادی پریشانیوں کو کم کیا ہے،تیل کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے اور بین الاقوامی منڈیوں میں اعتماد کی بحالی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت اتفاقی نہیں ہے بلکہ پاکستان کی مسلسل اور اسٹریٹجک سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے، پاکستانی قیادت نے مذاکرات کو برقرار رکھنے اور دونوں مخالفوں کے درمیان اعتماد سازی میں فعال کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے کردار نے ملک کو نہ صرف ایک شراکت دار کے طور پر بلکہ علاقائی امن اور استحکام کے اسٹیک ہولڈر کے طور پر سامنے لایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ، ایران، خلیجی ریاستوں اور چین سمیت متنوع عالمی اور علاقائی ملکوںکے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھنے کی پاکستان کی منفرد صلاحیت نے ایک غیر جانبدار اور موثر ثالث کے طور پر اس کی ساکھ کو بڑھایا ہے۔
2