77

جہلم ویلی پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں

ڈیلی دومیل نیوز.چناری/ہٹیاں بالا (کرائم رپورٹر) ایس پی جہلم ویلی سید عباس علی شاہ کی جانب سے منشیات فروشوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائیوں کی ہدایات کی روشنی میں جہلم ویلی پولیس نے بھرپور اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ تھانہ سٹی اور تھانہ چناری کی پولیس ٹیموں نے مختلف مقامات پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔

تھانہ سٹی کے ایس ایچ او منظر حسین چغتائی نے اے ایس آئی دانیال، امجد سعید، خواجہ احسن، راجہ شمشاد، اور احسن نقوی کے ہمراہ دھنی بقالاں کے مقام پر کارروائی کرتے ہوئے عمر ولد محمد فاروق ساکن دربڑی للور چکار کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے چرس برآمد کی۔ ملزم کے خلاف CNSA 9B کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح تھانہ چناری کے ایس ایچ او راجہ تحسین قیوم نے ٹیم کے ہمراہ – جن میں عبدالوحید اور قاضی مبارک ڈی ایف سی شامل تھے – کامیاب کارروائی کرتے ہوئے قدیر ولد محمد بشیر ساکن گڑتھامہ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے چرس برآمد کی۔ ملزم کے خلاف بھی CNSA 9B کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد ذاتی مفاد کی خاطر نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ ایس پی جہلم ویلی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں