31

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والی شاہراہ کی تعمیر تیزی سے جاری

(ڈیلی دومیل نیوز) — برسوں کا خواب اور نسلوں کی اُمید حقیقت کا روپ دھارنے جا رہی ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والی شاہراہ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، جو استور کے قمری سے تاؤ بٹ آزاد کشمیر تک 19 کلومیٹر طویل ہے۔ یہ راستہ جو کبھی ناممکن سمجھا جاتا تھا، اب پاک فوج کی مشینری کے شور میں ممکن ہو رہا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 کلومیٹر حصے کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ بقیہ حصے پر دن رات کام جاری ہے۔ دوسری جانب آزاد کشمیر سے بھی تعمیراتی رفتار تیز ہے اور امکان ہے کہ یہ منصوبہ رواں سال مکمل ہو جائے گا۔

یہ شاہراہ صرف ایک سڑک نہیں بلکہ محبت، تاریخ اور ثقافت کے بچھڑے رشتوں کو جوڑنے والا سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔ منصوبہ مکمل ہونے سے راولپنڈی تک کا فاصلہ کم ہوگا، سیاحت کو فروغ ملے گا اور برف پوش پہاڑوں کے دامن میں نئی کہانیاں جنم لیں گی۔

مقامی عوام نے منصوبے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس راستے کے کھلنے سے صرف زمین نہیں جُڑے گی بلکہ دل بھی جُڑ جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں