ڈیلی دومیل نیوز،کوٹلی میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے وکلاء کو معاشرے کا وہ طبقہ قرار دیا جو نہ صرف عوامی مسائل کے حل میں کردار ادا کرتا ہے بلکہ انصاف کی فراہمی میں بھی اہم ذمہ داریاں نبھاتا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزاد کشمیر میں کوئی اشرافیہ نہیں ہے اور ایم ایل اے ووٹ کی پرچی سے اسمبلی جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک دوسرے کو تسلیم کر کے آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کمی کوتاہی کے باوجود بہتر سیاسی نظام موجود ہے، تاہم ہائبرڈ نظام کے باعث نظام ڈسٹرب ہوا اور بہتر سالوں کے مسائل اڑھائی سال میں سامنے آئے، ایسے حالات کبھی نہیں دیکھے گئے۔