39

مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد جموں وکشمیر،صحافتی وانسانی حقوق کی تنظیموں کا احتجاج

مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد جموں وکشمیر،صحافتی وانسانی حقوق کی تنظیموں نے وادی نیلم میں سوناڑ کے مقام پر پانچ بے گناہ دیہاتیوں کی بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہادت اور لاشیں ورثاء کو نہ دینے پر احتجاج کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خارجہ سطح پر بھارت کے ساتھ یہ معاملا اٹھائے۔ان خیالات کا اظہارمرکزی ایوان صحافت کے صدر واحداقبال بٹ، وادی نیلم سے تعلق رکھنے والے معروف صحافی پریس فار پیس کے کوآرڈینٹر امیرالدین مغل، پیس گروپ آف جرنلسٹس کے سربراہ سعید الرحمان صدیقی، ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کے مرکزی صدر آصف رضا میر،سینئر نائب صدرغلام رضا کاظمی،جنرل سیکرٹری بشارت مغل نے مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد جموں وکشمیر میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پے ظلم وبربریت کا یہ پہلا واقعہ نہیں کیا۔اس سے قبل بھی لائن آف کنٹرول کے متعدد علاقوں باالخصوص وادی نیلم میں سنائپر اور کلسٹر بموں کے ذریعے بے گناہ لوگوں اور بچوں کو نشانہ بنایا۔طویل عرصہ سے جڑی بوٹیاں چننے والے پانچ دیہاتیوں کو لائن آف کنٹرول کے قریب سے اغواء کر کے شہید کر دیا گیا اور میڈیا کے ذریعے سفید جھوٹ بولا گیا کہ یہ درنداز تھے۔اس سے قبل نیلم ویلی کے متعدد علاقوں میں کلسٹر بموں کے ذریعے بے شمار بچے شہید ہو چکے ہیں۔سنائپر ہتھیاروں کے ذریعے بے گناہ سویلینز کو ٹارگٹ کر کے نشانہ بنایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے صحافی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں حکومت آزاد کشمیر اور حکومت پاکستان کی مجرمانہ خاموشی کے باعث مجبور ہوئے ہیں کہ وہ آزاد کشمیر کے شہریوں کے خلاف بھارتی دہشت گردی پر خود بولیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہا ہے لیکن ہم مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔بھارت کا میڈیا اور حکومت کھل کر جھوٹ بول رہی ہے اور ہم سچ بولتے ہوئے بھی ہچکچہا رہے ہیں۔آزاد کشمیر کے شہریوں کے ساتھ بھارتی دہشتگردی پر اب ہم مزید چپ نہیں رہ سکتے۔جہاں تک ممکن ہوا بھارت کا مجرمانہ چہرہ بے نقاب کرینگے۔آزاد کشمیر کے صحافی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ان واقعات کو عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں تک پہنچائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں