39

محکمہ تعلیم کی کمزور گرفت، پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا فیس کے ساتھ انواع و اقسام کے مدعات/فنڈز لگانے کا سلسلہ شروع

مظفرآباد(نامہ نگار) محکمہ تعلیم کی کمزور گرفت، پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے فیس کے ساتھ انواع و اقسام کے مدعات/فنڈز لگانے کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے والدین کو زیر بار کرنا شروع کر دیا، کبھی سکول کارڈز، کبھی سپورٹس فنڈز اور کبھی مختلف ڈے اور کبھی امتحانی پرچہ جات کے نام پر ہزاروں روپے وصول کیے جانے لگے، والدین کا شدید احتجاج، ارباب اختیار سمیت وزیراعظم آزاد کشمیر سے نوٹس لیتے ہوئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق شہر اقتدار مظفرآباد کے گنجان آباد علاقوں سمیت گلی محلوں میں کھلے سینکڑوں پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے داخلہ فیس کے علاوہ ماہانہ ہزاروں روپے فیس کے ساتھ دیگر مدعات میں بھی خود ساختہ اضافہ کرتے ہوئے ماہانہ فیس کے ساتھ ہزاروں روپے وصول کرنا وطیرہ بنا رکھا ہے، والدین کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس پر خطر دور میں جب روزی روٹی پوری کرنا ناممکن ہو چکا ہے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی لوٹ مار کو روکا جائے، پہلے ہی شرح تعلیم خطہ میں تیزی سے زوال پذیر ہو رہی ہے، اوپر سے ان اداروں نے والدین کو بلا وجہ زیر بار کرنا شروع کر رکھا ہے، والدین نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا قبلہ درست کرنے کے لیے محکمہ تعلیم کو متحرک کرتے ہوئے ضابطہ مقرر کرتے ہوئے فیس کے علاوہ دیگر مدعات میں ہزاروں روپے وصول کرنے سے روکا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں