ڈیلی دومیل نیوز مظفر آباد (ترجمان ضلعی انتظامیہ) — 06 اور 07 مئی 2025 کی درمیانی شب ہندوستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر اشتعال انگیز کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں ضلع مظفر آباد کے علاقے پا جگراں میں واقع بلال مسجد پر میزائل حملہ کیا گیا۔ اس بزدلانہ حملے کے نتیجے میں 3 معصوم شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے، جبکہ مسجد کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
ترجمان کے مطابق، میزائل حملے سے قریب واقع ایک رہائشی مکان کو بھی جزوی نقصان پہنچا جبکہ اس گھر کی ایک بچی زخمی ہوئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد دی گئی اور بعد ازاں سی ایم ایچ مظفر آباد منتقل کر دیا گیا۔
مزید برآں، پلہوٹ (تحصیل مظفر آباد) اور میرا کلسی (تحصیل پٹہکہ، نصیر آباد) میں بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک شخص اور ایک خاتون زخمی ہوئیں۔ نوسیری میں فائرنگ سے دو مکانات اور دو گاڑیاں جزوی طور پر متاثر ہوئیں، جبکہ ہڑیالہ میں ایک شہری کا مویشی خانہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
بھارتی جارحیت کا ایک اور ہدف نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیمپ سائیٹ (نوسیری) رہی جہاں Intake HPU کو نقصان پہنچا اور ایک گیٹ کو حفاظتی طور پر بند کرنا پڑا۔ اس حملے میں پراجیکٹ کی ایمبولینس کو بھی نقصان پہنچا۔
ضلع مظفر آباد کی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے فوری طور پر متحرک ہو گئے ہیں۔ تمام افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ترجمان نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت اور ریاستی ادارے اس مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔