مظفرآباد / جہلم ویلی (ڈیلی دومیل نیوز) پاسبانِ حریت جموں و کشمیر کے زیر اہتمام حق خودارادیت کے مطالبے کے لیے چکار میں ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں بزرگ، نوجوان، خواتین اور بچے بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کے حق میں نعرے اور حق خودارادیت کے مطالبات درج تھے۔
“جس کشمیر کو خون سے سینچا، وہ کشمیر ہمارا ہے”
ریلی کے دوران مظاہرین نے زور دار نعرے بازی کی:
“حل کرو، حل کرو، مسئلہ کشمیر حل کرو!”
“آزادی دو، آزادی دو، کشمیر کو آزادی دو!”
“جس کشمیر کو خون سے سینچا، وہ کشمیر ہمارا ہے!”
عوام نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف شدید احتجاج کیا اور اقوام متحدہ سے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔
رہنماؤں کا خطاب: جنوبی ایشیا میں امن کا انحصار کشمیر کے حل پر ہے
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی، وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم، قاری طاہر محمدی (یونائیٹڈ موومنٹ)، طالبعلم راہنما دانیال حفیظ طالب، ابراہیم اشتیاق، عارف ڈار و دیگر مقررین نے کہا کہ:
“وقت آ گیا ہے کہ اقوامِ متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب ٹھوس پیش رفت کرے، تاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار امن قائم ہو سکے۔”
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلوانا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔
“معرکہ بنیان مرصوص بھارت کے لیے پیغام ہے”
مقررین نے کہا کہ معرکہ بنیان مرصوص کی کامیابی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ کشمیری عوام ظلم کے خلاف متحد ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
نوجوانوں کی پکار: ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے
احتجاجی ریلی کے دوران نوجوان مظاہرین نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
“ہم بھارتی مظالم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ کشمیری قوم آزادی، انصاف اور امن کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔”