چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان، سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم اور جسٹس رضا علی خان نے بدھ کے روز عدالتِ عالیہ ہیڈکوارٹر مظفرآباد کا دورہ کیا۔
دورے کے موقع پر چیف جسٹس عدالتِ عالیہ جسٹس سردار لیاقت حسین، سینئر جج عدالتِ عالیہ جسٹس سید شاہد بہار، جسٹس محمد اعجاز خان اور جسٹس چوہدری خالد رشید نے معزز جج صاحبان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر چیف جسٹس عدالتِ عالیہ نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور معزز جج صاحبان کو عدالتِ عالیہ اور ماتحت عدالتوں میں کی گئی اصلاحات، انتظامی اقدامات، عدالتی فیصلوں اور مجموعی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور جج صاحبان نے ان اصلاحات کو سراہتے ہوئے عدالتِ عالیہ اور ماتحت عدلیہ کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
معزز جج صاحبان نے عدالتِ عالیہ میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تعمیراتی منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔ بعد ازاں، انہوں نے عدالتِ عالیہ میں تعمیر ہونے والی نئی مسجد کا بھی جائزہ لیا۔