ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد/جہلم ویلی کی زیر نگرانی فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی کارروائی ۔لیبارٹری رپورٹس کی روشنی میں غیر تسلی بخش قرار دی جانے والی کے بی فوڈز کے پراڈکٹ شاہین سلانٹی کو تلف کرتے ہوئے نذر آتش کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد/جہلم ویلی ابرار احمد میر کی زیر نگرانی فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے مشہور کمپنی کے بی فوڈز کی تیار کردہ غیر معیاری پراڈکٹ “شاہین سلانٹی” جو لیبارٹری رپورٹس کی روشنی میں غیر تسلی بخش قرار پائی تھیں کو مارکیٹ سے بھاری مقدار میں ضبط کر کے گودام سیل کر دیا گیا تھا جس کو تلف کرتے ہوئے نذر آتش کر دیا۔واضح رہے کہ لیبارٹری رپورٹ کے مطابق مذکورہ پراڈکٹ غیر تسلی بخش پائی گئی تھی۔ فوڈ اتھارٹی نے عوامی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کمپنی پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 کے تحت مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار احمد میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیبارٹری رپورٹس کی روشنی میں ضبط کیا گیا مشہور کمپنی کا غیر معیاری اسٹاک براہِ راست بچوں کی صحت پر اثر انداز ہوتا ہے۔ فوڈ اتھارٹی نے اسکولوں اور کالجز کی کنٹینز پر خصوصی چیکنگ کا عمل شروع کر رکھا ہے تاکہ بچوں کو غیر معیاری اور مضر صحت اشیائے خورونوش سے محفوظ رکھا جا سکے۔ خاص طور پر وہ سنیکس، پاپڑ اور ٹافیاں جنہیں بچے زیادہ استعمال کرتے ہیں، سخت جانچ پڑتال کے بعد ہی فروخت کی اجازت دی جائے گی۔کوئی بھی کمپنی جو فوڈ اتھارٹی کے مقرر کردہ معیار پر پورا نہیں اترتی یا فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017ء اور پیور فوڈ ریگولیشن پر عملدرآمد نہیں کرتی، اسے کسی صورت کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہمارا مقصد عوام، بالخصوص نئی نسل کو صحت مند خوراک فراہم کرنا ہے اور اس کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔میڈیا اور عوام کا تعاون چاہیئے۔شہری غیر رجسٹرڈ ،مضر صحت اشیاء فروخت کرنے اورفوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کی نشاندھی کر کے فوڈ اتھارٹی کے دئیے گئے نمبر 1280پر اطلاع دیں بروقت اور موثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
113
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل