71

آرٹیفیشل انٹیلیجنس اینڈ پرامپٹ انجینئرنگ کورس مکمل کرنے والے شرکاء میں سرٹیفیکیٹس تقسیم

کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اور محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی آزاد کشمیر کے تعاون سے ”آرٹیفیشل انٹیلیجنس اینڈپرامپٹ انجینئرنگ” کے عنوان سے پہلے تربیتی پروگرام کے شرکاء میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی سیکریٹری آئی ٹی راشد حنیف قریشی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی خصوصاً مصنوعی ذہانت کے شعبے میں نوجوانوں کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایسے تربیتی پروگرام نوجوانوں کو عملی مہارت فراہم کرتے ہیں اور انہیں جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے میں مدد دیتے ہیں۔ مصنوعی ذہانت ہمارے مستقبل کا ناگزیر حصہ ہے کیونکہ دنیا بہت تیزی سے بدل رہی ہے اور ہمیں اپنے آپ کو اس تبدیلی کے مطابق ڈھالنے کے لیے کم وقت ملے گا۔ جو افراد یا ادارے ان ٹیکنالوجیز کو اپنانے میں ناکام رہیں گے وہ پیچھے رہ جائیں گے۔ آئی ٹی کا دور تبدیل ہو رہا ہے اور اگلا دور مصنوعی ذہانت کا ہے، جو ہمارے معاشی، معاشرتی، صحت اور زرعی شعبوں کو تبدیل کر رہا ہے۔ ہم کیش لیس معیشت کی طرف بڑھ رہے ہیں اور یہ انقلاب زندگی کے تمام شعبوں میں اثر انداز ہوگا،روزگار کی منڈی کا تقریباً 40 فیصد حصہ گھر بیٹھ کر کمانے پر مبنی ہو چکا ہے جو آنے والے دور میں مزید بڑھے گا۔ ہم مصنوعی ذہانت کی تعلیم کو آزادکشمیر میں پہلی جماعت سے نافذ کر رہے ہیں اور مظفرآباد اور راولاکوٹ کے بعد دیگر اضلاع میں آئی ٹی ایکسیلینس سینٹرز بنا رہے ہیں تاکہ ہمارے نوجوان اپنی سکلز کو بروئے کارلاتے ہوئے کام کر سکیں۔ ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ، ڈاکٹر مقیم الاسلام نے کہا کہ اس کورس میں شرکاء کو تھیوری کے ساتھ عملی تربیت فراہم کی گئی۔ جن انٹرنیز نے یہ کورس مکمل کیاہے وہ آزاد کشمیر میں ڈیجیٹل ذہانت کے نئے دور کے معمار ثابت ہوں گے اور خطے کی ترقی و خوشحالی کا باعث بنیں گے۔ کورس کے دوران شرکاء نے مصنوعی ذہانت، پرامپٹ انجینئرنگ کی بنیادی معلومات میں مہارت حاصل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ میں ”اے آئی ایجنٹ ڈویلپمنٹ“ کے عنوان سے فری کورس کروایا جائے گا تاکہ آزادکشمیر کے نوجوانوں کو آنے والے دور کے چیلنجز سے نبرد آزما کیا جا سکے۔ اس موقع پر سیکرٹری ٹیوٹا ڈاکٹر مسعود بخاری،چیف انسٹرکٹر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ ابرار احمد قریشی،ڈائریکٹنگ سٹاف کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ طارق محمود بٹ مختلف محکموں کے آفیسرز اور کورس کے شرکاء موجود تھے۔تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ نے سیکرٹری آئی ٹی کو سوینئیر پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں