70

بدزبانی کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں، نظام بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے: سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر

چناری (نمائندہ خصوصی)
سابق وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بدزبانی کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں، میرے گھر کی طرف اگر کوئی آیا تو یہ بھول جائے کہ واپس بھی جا سکے گا، ہم نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فوج ہماری حفاظت کے لیے ناگزیر ہے، لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام اس کی اہمیت سے بخوبی واقف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 29 تاریخ کو دکانیں کھلیں گی اور ٹرانسپورٹ بہرصورت چلے گی، کسی کو زور زبردستی نہیں کرنے دیں گے۔ بعض عناصر جان بوجھ کر نظام کو ختم کرانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، اگر حالات خراب ہوئے تو آئین کے تحت بنیادی حقوق معطل اور اسمبلی بھی معطل ہو سکتی ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آج سے باضابطہ طور پر آئندہ انتخابات کی مہم کا آغاز کرتا ہوں۔ عوامی خدمت اور نظام کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنانا ہو گا۔ تیرویں ترمیم کے ذریعے آزادکشمیر کو مالیاتی خودمختاری دلوانا ایک تاریخی کامیابی تھی۔

مسلم لیگ (ن) میں بڑی شمولیت، سید عجائب ہمدانی و دیگر درجنوں افراد شامل

چناری (امرا ساون)
سید عجائب ہمدانی کی رہائش گاہ پر ایک بڑی تقریب میں متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے تقریب کی صدارت کی۔

شمولیت اختیار کرنے والوں میں سید عجائب ہمدانی، سید مقصود حسین ہمدانی، سید ذاکر حسین شاہ، سید عمران ہمدانی، محمد ایوب اعوان، سید محرم شاہ، محمد سخی، محمد رفیق، محمد ارشد، سید صابر حسین شاہ، سید منیر حسین شاہ، محمد صدیق، محمد نبیل، راجہ محمد صداقت، محمد آفتاب اعوان، محمد عزیز اعوان اور دیگر شامل ہیں۔

تقریب میں شامل ہونے والوں کو ہار پہنائے گئے جبکہ شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔

تاجران و ٹرانسپورٹرز سے ملاقات، عوام کو سہولت دینا ترجیح ہے: فاروق حیدر

چھٹیاں بازار میں تاجران اور ٹرانسپورٹرز نمائندگان سے ملاقات کے دوران راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ کاروباری مراکز بند رکھنا عوام کے لیے مشکلات اور تاجروں کے لیے نقصان دہ ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے یقین دہانی کرائی کہ وہ بہرصورت گاڑیاں چلائیں گے تاہم انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔

سابق وزیراعظم نے انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت دی کہ تاجران و ٹرانسپورٹرز کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور عوامی سہولت کو یقینی بنایا جائے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں