مظفرآباد (ڈیلی دومیل نیوز) آزاد جموں و کشمیر میں موجود حساس تنصیبات کی حفاظت کیلئے جاری کردہ تھریٹ الرٹس کو بعض شرپسند عناصر کی جانب سے اپنے مذموم مقاصد کی ترویج کیلئے سوشل میڈیا پر وائرل کرنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ، شرمناک اور مذموم عمل ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملک کی موجودہ سیکورٹی صورتحال کے تناظر میں آزاد جموں و کشمیر میں موجود حساس تنصیبات / افراد کو دشمن ملک کی ایجنسیوں کی جانب سے ٹارگٹ کرنے کے تھریٹس موجود ہیں۔
اس سلسلہ میں مختلف اداروں کی جانب سے ان حساس تنصیبات کی حفاظت کے ذمہ دار اداروں کو تھریٹ الرٹ جاری کئے جاتے ہیں اور یہ الرٹس صرف ان افراد اور اداروں کے مخاطب ہوتے ہیں جن کی ذمہ داری ھوتی ہے۔
ان تھریٹ الرٹس کا مقصد ہر گز عام آدمی کی زندگی کو مشکلات میں ڈالنا نہیں بلکہ صرف حساس تنصیبات کی حفاظت ہوتا ہے۔ حساس تنصیبات کی حفاظت کیلئے جاری کردہ تھریٹ الرٹس کو کچھ شرپسند عناصر کی جانب سے اپنے عزائم کی ترویج کیلئے سوشل میڈیا پر وائرل کرنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور غیر سنجیدہ عمل ہے جس سے انتشار پسندی کو ہوا ملتی ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیاہے کی ایسے عناصر کے اس قسم کے غیر سنجیدہ، غیر ذمہ دارانہ اور مذموم رویے کی ہر سطح پر ہرذی شعور اور ذمہ دار فرد کی طرف سے حوصلہ شکنی اور مذمت کی جانی چاہیے۔
شرپسند عناصر کی جانب سے حساس معاملات پر سنسنی پھیلا کر عوام میں انتشار، بے چینی اور بے یقینی پیدا کرنے کی دانستہ کوشش ہے جس کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔