ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کی وزیر برائے جموں و کشمیر لبریشن سیل محترمہ امتیاز نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ تاریخی دفاعی معاہدہ ملکی و علاقائی سلامتی کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کے دور رس اثرات ملکی ترقی اور تحریکِ آزادی کشمیر پر بھی مرتب ہوں گے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں اس معاہدے پر متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین، وزراء اور اراکین اسمبلی نے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔
امتیاز نسیم نے کہا کہ اس تاریخی معاہدے کی تشکیل اور ترجیحات کے تعین میں پاکستان کی سیاسی، حکومتی اور عسکری قیادت نے انتہائی مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان، وزیر خارجہ اور بالخصوص آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں، جنہوں نے سعودی عرب سمیت چین، ایران اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو نئی جہت دی اور اہم معاہدوں کو عملی شکل دی۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف ملکی دفاع و سلامتی کو مضبوط کریں گے بلکہ معیشت، سیاست اور قومی ترقی پر بھی گہرے اثرات ڈالیں گے۔
اس موقع پر امتیاز نسیم نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے ممتاز رہنما و سابق چیئرمین عبدالغنی بٹ کے انتقال پر دلی رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ عبدالغنی بٹ کا مدبرانہ اور جرات مندانہ کردار کشمیری عوام کے لیے مشعلِ راہ ہے۔