فوڈ اتھارٹی پٹہکہ کی بڑی کارروائی، بغیر لیبارٹری رپورٹ اور اجازت نامہ جوس کا بھاری سٹاک ضبط، گودام سیل۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ اتھارٹی پٹہکہ کی ٹیم فرخ رفیق مغل اور شیخ اکرم نے پٹہکہ ناکہ پر چیکنگ کے دوران غیر معیاری اور بدوں لیبارٹری رپورٹ و لائسنس جوس کی بڑی کھیپ قبضے میں لے لی۔ ڈرائیور کے پاس مطلوبہ کاغذات اور لیبارٹری رپورٹ موجود نہ تھی، جس پر فوڈ اتھارٹی نے جوس کا سٹاک ضبط کرتے ہوئے گودام میں سیل کر دیا۔ ضبط شدہ جوس مختلف مارکیٹوں میں فروخت ہونا تھا۔ یاد رہے آزاد کشمیر میں فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 اور پیور فوڈ ریگولیشنز 2019 کے تحت غیر رجسٹرڈ یا بدوں لیبارٹری رپورٹ اشیاء کی تیاری اور فروخت سنگین جرم ہے اور کاروبار کے لیے فوڈ اتھارٹی کا لائسنس اور اجازت نامہ لازمی ہے۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے کارروائی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ اتھارٹی عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر رجسٹرڈ اور بدوں لیبارٹری رپورٹ اشیاء کسی صورت فروخت نہیں ہونے دی جائیں گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ فوڈ بزنس آپریٹرز صرف وہی اشیائے خوردونوش فروخت کر سکتے ہیں جو لیبارٹری سے پاس اور فوڈ اتھارٹی سے رجسٹرڈ ہوں۔ شہری کسی بھی غیر معیاری، غیر رجسٹرڈ یا ناقص صفائی والی اشیاء کی اطلاع فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کے ہیلپ لائن نمبر 1280 پر دیں، تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے عوام کو مضر صحت خوراک سے محفوظ رکھا جا سکے۔
107
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل