مظفرآباد (ڈیلی دومیل نیوز) چیئرمین پاسبانِ حریت جموں کشمیر عزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ بھارت کا جنگی جنون اور اشتعال انگیز بیانات جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیردفاع، آرمی چیف اور فضائیہ کے سربراہان کے اشتعال انگیز بیانات خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔عزیر احمد غزالی نے کہا کہ بھارتی عسکری قیادت اور ہندوتوا نظریے کے حامل سیاسی رہنما جنگ کے شعلوں کو بھڑکا رہے ہیں۔ ان کے غیر ذمہ دارانہ بیانات دہلی کے خطرناک فوجی عزائم اور انتہاپسندانہ سوچ کو بے نقاب کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی اشتعال انگیز پالیسیاں اور عسکری قیادت کی دھمکیاں دراصل عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔ بھارت کے فوجی سربراہان ہندوتوا نظریے کے پرچارک بن چکے ہیں جو خطے کے امن کے لیے تباہ کن ہے۔عزیر احمد غزالی نے کہا کہ مودی کی آمرانہ اور جارحانہ پالیسیوں نے جنوبی ایشیا کو مستقل عدم استحکام کا شکار کر رکھا ہے۔ بھارت کا ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں سے انحراف خطے اور دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت جموں کشمیر کے عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو ریاستی جبر کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ جب تک کشمیر کا مسئلہ انصاف اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔چیئرمین پاسبانِ حریت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو خطے میں اشتعال انگیزی پھیلانے اور اقوامِ متحدہ کے اصولوں کی خلاف ورزی پر جوابدہ ٹھہرائے۔ دنیا کو چاہیے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن و مکالمے کی راہیں کھل سکیں۔
77
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل