119

سہیل آفریدی 90 ووٹ لے کر نئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا منتخب

پشاور: (ڈیلی دومیل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار سہیل آفریدی 90 ووٹ لے کر خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت ہوا۔ علی امین گنڈا پور ایوان میں پہنچے تو حکومتی اراکین نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔ اسپیکر نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل شروع کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجائی جائیں گی تاکہ غیر حاضر اراکین واپس آجائیں۔

اس موقع پر بابر سلیم سواتی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے آئین کے آرٹیکل 130(8) کے تحت 8 اکتوبر کو استعفیٰ دیا تھا جس کی آج تصدیق ہو رہی ہے۔ گورنر کا اقدام مکمل طور پر غیر آئینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پہلے اور دوسرے استعفے کے دستخط میں کوئی فرق نہیں، دونوں آئین و قانون کے مطابق تھے۔

اسپیکر نے کہا کہ چند لوگوں کی خواہش ہے کہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ نہ بنیں، لیکن آئین لوگوں کی خواہشات پر نہیں چل سکتا، آئین کے مطابق اسمبلی کا عمل آگے بڑھے گا۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے سہیل خان کو پارٹی کی جانب سے وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے نامزد کیا۔

اسمبلی میں ووٹنگ کے بعد سہیل آفریدی کو 90 ووٹ ملے۔ کل 145 ارکان پر مشتمل اسمبلی میں حکومتی ارکان کی تعداد 93 اور اپوزیشن کے 52 تھی، جبکہ قائد ایوان کے انتخاب کے لیے 73 ووٹ درکار تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں