74

فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی عیدگاہ، ماکڑی، چہلہ اور لوئر پلیٹ میں کارروائی

ڈیلی دومیل نیوز،فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی عیدگاہ، ماکڑی، چہلہ اور لوئر پلیٹ میں کارروائی، ہوٹلز، بیکریز، جنرل و کریانہ سٹورز، ملک شاپس اور ریفریشمنٹ سینٹرز پر اشیائے خوردونوش سمیت صفائی ستھرائی کے معیار کی چیکنگ۔ بدوں لائسنس و اجازت نامہ کاروبار کرنے پر مشہور کمپنی کا وئیر ہاؤس سیل کر دیا گیا۔ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے موقع پر دودھ، جوسز اور پانی کے نمونہ جات حاصل کر کے ٹیسٹنگ کی گئی، جن کی لیبارٹری رپورٹس تسلی بخش قرار پائیں۔ دوران کارروائی فوڈ ڈیلیوری گاڑیوں کو روک کر معائنہ کیا گیا جبکہ غیر معیاری و ناقص اشیائے خوردونوش موقع پر تلف کر دی گئیں۔ فوڈ اتھارٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد تاجروں کو جرمانے اور اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسرز قاضی شفیق الرحمن، سید قدیر حسین شاہ اور راجہ منصور آزاد نے فوڈ ٹیکنالوجسٹ انیلہ عباسی کے ہمراہ عیدگاہ روڈ، ماکڑی، چہلہ اور لوئر پلیٹ میں قائم ہوٹلز، بیکریز، جنرل و کریانہ سٹورز، دودھ کی دکانوں اور ریفریشمنٹ سینٹرز کا معائنہ کیا۔ دوران چیکنگ صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور ورکرز کے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیاں پائی گئیں۔ کچن و پروڈکشن ایریاز میں خوراک کی تیاری اور ہینڈلنگ کے دوران بھی حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے حاصل کردہ جوسز، دودھ اور پانی کے نمونوں کی رپورٹ تسلی بخش قرار پائی۔ بدوں لائسنس و اجازت نامہ کاروبار کرنے پر مشہور کمپنی کا وئیر ہاؤس جو عیدگاہ روڈ پر قائم تھا، فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت سیل کر دیا گیا۔ آزاد کشمیر میں صرف وہی کاروبار کیا جا سکتا ہے جس کے پاس فوڈ اتھارٹی کا اجازت نامہ اور تسلی بخش لیبارٹری رپورٹس موجود ہوں۔ بغیر رجسٹریشن اور اجازت نامے کے کاروبار کرنا قانوناً جرم ہے۔ کارروائی پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد/جہلم ویلی ابرار احمد میر نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ تمام فوڈ بزنس آپریٹرز کو فوڈ اتھارٹی کی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ صفائی ستھرائی کے معیار اور حفظان صحت کے اصولوں پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ بدوں اجازت و لائسنس کاروبار کرنا قانوناً جرم ہے، اور فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 و پیور فوڈ ریگولیشنز 2019 پر ہرصورت عملدرآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ اتھارٹی بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔ فوڈ اتھارٹی ایکٹ کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہری ملاوٹ شدہ یا غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی فروخت سے متعلق اپنی شکایت فوڈ اتھارٹی کے ہیلپ لائن نمبر 1280 پر درج کروائیں، جس پر بروقت اور مؤثر کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں