باغ (ڈیلی دومیل نیوز )عبدالشمید قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم منشاد ساکنہ بھیڈی نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا ہے کہ اس نے جولائی 2025 میں عبدالشمید کو قتل کیا اور لاش زمین میں دفن کردی تھی۔
تحقیقات کے مطابق مقتول عبدالشمید بحرین سے واپسی کے بعد اپنی اہلیہ — جو منشاد کی بیٹی ہیں — کے ساتھ رہائش پذیر تھا۔ ملزم کے بیان کے مطابق مقتول کی دوسری شادی اس اقدام کی وجہ بنی۔ منشاد نے مزید بتایا کہ جب اسے پولیس کی کارروائی کا خدشہ ہوا تو اس نے لاش کو دوبارہ نکال کر نالے میں پھینک دیا۔
ورثاء نے عبدالشمید کی گمشدگی کی رپورٹ تھانہ باغ میں درج کرائی گئی اس کیس کی تحقیقات کیلئے ایس پی باغ ریاض مغل کی سربراہی میں ایک جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم (JIT) تشکیل دی گئی، جس میں ڈی ایس پی سردار طارق، ایس ایچ او امجد ساقی اور تفتیشی آفیسر اشتیاق عباسی شامل تھے۔
ابتدائی تحقیقات کے بعد ملزم منشاد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ قتل میں کسی اور کی شمولیت کے امکانات بھی زیرِ تفتیش ہیں۔
مقتول کے بھائی نے میڈیا سے گفتگو میں پولیس ٹیم پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر ایس پی باغ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل نہ دی جاتی تو شاید کیس کی گتھی سلجھ نہ پاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ واقعے میں ملوث تمام کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
پولیس کے مطابق کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے محرکات و ممکنہ معاونین کی تفصیلات جلد سامنے آنے کی توقع ہے۔