ڈیلی دومیل نیوز.لاہور: یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ایم ڈی کیٹ 2025 کے امتحان کے نتائج جاری کر دیے ہیں۔ ترجمان یو ایچ ایس کے مطابق امتحان 26 اکتوبر کو منعقد ہوا تھا، جس میں مجموعی طور پر 47 ہزار 772 امیدواروں نے شرکت کی۔ امتحان کے کل نمبر 180 مقرر کیے گئے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ 42 ہزار 48 امیدواروں نے 50 فیصد سے زائد نمبر حاصل کیے، جبکہ 39 ہزار 648 امیدواروں نے 55 فیصد سے زیادہ نمبر لے کر ایم بی بی ایس میں داخلے کے لیے اہلیت حاصل کر لی۔ یو ایچ ایس کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق 817 امیدواروں نے 170 سے 180 کے درمیان نمبر حاصل کیے، جبکہ 5 ہزار 955 امیدواروں نے 160 سے 169 کے درمیان اور 6 ہزار 993 امیدواروں نے 150 سے 159 کے درمیان نمبر حاصل کیے۔
ترجمان یو ایچ ایس کے مطابق ایم بی بی ایس میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ میں کم از کم 55 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ امتحان کے تمام نتائج یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، جہاں امیدوار اپنے نتائج دیکھ سکتے ہیں۔
دوسری جانب شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد نے بھی ایم ڈی کیٹ 2025 کے نتائج جاری کر دیے ہیں۔ یونیورسٹی کے مطابق 69.31 فیصد طلبہ ایم بی بی ایس کے لیے کوالیفائی کر گئے ہیں۔ 55 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کرنے والے 4 ہزار 86 طلبہ کو ایم بی بی ایس میں داخلے کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں بی ڈی ایس کے لیے 78 فیصد طلبہ کوالیفائی ہوئے، جہاں 50 فیصد نمبر حاصل کرنے والے 4 ہزار 598 امیدوار داخلے کے اہل ٹھہرے۔