مظفرآباد ( ڈیلی دومیل نیوز) پاسبانِ حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے بھارت اور اسرائیل کے بڑھتے ہوئے گٹھ جوڑ کو کشمیری مسلمانوں کے خلاف مجرمانہ سازش قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے ۔
میڈیا کے نام جاری کیے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلامیانِ جموں کشمیر اپنے مسلم تشخص اور آبائی سرزمین کے تحفظ کے لیے متحد اور پُرعزم ہو جائیں ۔
عزیرغزالی نے کہا کہ بھارت اسرائیلی ماڈل پر عمل کرتے ہوئے مقبوضہ خطے کی آبادیاتی ساخت تبدیل کرنے، کشمیری شناخت مٹانے اور حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کو دبانے کی مذموم سازشوں میں مصروف ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان بڑھتا ہوا عسکری اور انٹیلی جنس تعاون دراصل دو قابض قوتوں کی گہری سازش ہے جس کا مقصد کشمیریوں اور فلسطینیوں کی آزادی کی تحریکوں کو کچلنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح اسرائیل نے فلسطین میں ظلم، قتلِ عام اور غیر قانونی بستیوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، بھارت وہی طرزِ عمل وادی کشمیر میں دہرا رہا ہے ۔
چیئرمین پاسبانِ حریت نے کہا کہ عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی مجرمانہ خاموشی بھارت اور اسرائیل کو مزید جرأت دے رہی ہے ۔