ساؤتھ وزیرستان/ڈیلی دومیل نیوز: جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں کیڈٹ کالج پر افغان خوارج کے دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنانے والے آپریشن کے کمانڈر کرنل محمد طاہر نے کہا ہے کہ حملے کے باوجود کیڈٹس اور اساتذہ کا حوصلہ بلند ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے نہ صرف ایک ممکنہ سانحے کو روکا بلکہ دشمن کے ناپاک عزائم کو بھی ناکام بنایا۔
کرنل محمد طاہر کے مطابق یہ واقعہ 10 نومبر کو پیش آیا، جب پانچ افغانی خوارج نے کیڈٹ کالج وانا پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا، “خوارج نے اس تعلیمی ادارے کو نشانہ بنایا جو پاک فوج نے جنوبی وزیرستان کی عوام کے لیے ایک قیمتی تحفے کے طور پر قائم کیا ہے۔”
کرنل طاہر نے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے مرکزی گیٹ کے قریب دھماکہ کیا جبکہ دیگر چار دہشت گرد اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ “خوارج نے پہلے زیرِ تعلیم کیڈٹس کو یرغمال بنانے کی کوشش کی، لیکن سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے ان کے تمام مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ فورسز نے دہشت گردوں کو مخصوص بلاک تک محدود کر کے طلبہ کی حفاظت یقینی بنائی۔ “رات 10 سے ساڑھے 10 بجے کے درمیان بھرپور آپریشن کے بعد تمام خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔ الحمدللّٰہ، ہم نے ایک بڑے سانحے کو ہونے سے بچا لیا۔”