96

ادارہ شماریات پاکستان کے زیر اہتمام ”ڈیٹافیسٹ 2025” کا انعقاد کیا گیا

ڈیلی دومیل نیوز.ادارہ شماریات پاکستان کے زیر اہتمام ”ڈیٹافیسٹ 2025” کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے ماہرینِ شماریات، پالیسی ساز اداروں کے نمائندگان، محققین اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات، آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر اور ادارہ شماریات پاکستان کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔ یہ اہم معاہدہ آزاد جموں و کشمیر بیورو آف اسٹیٹِسٹکس کی محنت، کاوشوں اور مؤثر رابطہ کاری کے نتیجے میں ممکن ہوا۔مفاہمتی یادداشت پر سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر عامر لطیف اعوان اور ممبر سپورٹ سروسز، ادارہ شماریات پاکستان محمد سرور گوندل نے دستخط کیے۔ اس موقع پرعاطف الرحمن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ڈیولپمنٹ)، آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے اپنی موجودگی سے تقریب کو رونق بخشی، جبکہ جناب محمود انجم، چیف شماریات، محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات، آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر بھی دستخطی تقریب میں موجود تھے۔اس معاہدے کا مقصد وفاقی و ریاستی سطح پر شماریاتی نظام کو مضبوط بنانا، ڈیٹا کے تبادلے کو فروغ دینا، اور آزاد جموں و کشمیر کو قومی ڈیٹا فراہم ورک میں فعال طور پر شامل کرنا ہے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو درج ذیل معاونت فراہم کی جائے گی۔ڈیٹا شیئرنگ فریم ورک میں شمولیت: آزاد جموں و کشمیر کو مختلف مردم شماریوں اور سرویز کے ڈیٹا شیئرنگ فریم ورک میں شامل کیا جائے گا۔ 2023 کی ڈیجیٹل مردم شماری سے متعلق رپورٹ محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کو سرکاری استعمال کے لیے فراہم کی جائے گی-ضلع وار ڈیٹا اور رپورٹس کی فراہمی: ادارہ شماریات پاکستان مختلف قومی سرویز جیسے پاکستان سوشیو اکنامک (PSLM)، لیبر فورس سروے (LFS)، اور ہاؤس ہولڈ انٹیگریٹڈ اکنامک سروے (HIES) کی علیحدہ (ضلع وار) رپورٹس محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو فراہم کرے گا۔آئندہ مردم شماریوں اور سرویز میں شمولیت: آزاد جموں و کشمیر کو مستقبل کی مردم شماریوں اور سرویز میں شامل کیا جائے گا، اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو کوآرڈینیشن، تربیت، اور مانیٹرنگ کے مراحل میں شامل کیا جائے گا۔تربیتی پروگرامز: ادارہ شماریات پاکستان آزاد جموں و کشمیر کے افسران کے لیے جی ڈی پی کے تخمینے اور قیمتوں کے شماریات سے متعلق تربیتی پروگرام منعقد کرے گا، جن کی تفصیلات فریقین باہمی اتفاق سے طے کریں گے۔ڈیسیژن سپورٹ سسٹم برائے افراطِ زر میں شمولیت: جیسے ہی آزاد جموں و کشمیر میں قیمتوں سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عمل شروع ہوگا، ادارہ شماریات پاکستان محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے لیے ایک تخصیص شدہ ڈیسیژن سپورٹ سسٹم (DSSI) تیار کرے گا۔موزہ مردم شماری ڈیش بورڈ کی فراہمی: ادارہ شماریات پاکستان محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو موزہ مردم شماری سے متعلق ڈیش بورڈ فراہم کرے گا تاکہ ریاستی سطح پر وسائل کی منصفانہ تقسیم میں مدد مل سکے۔ اس ڈیش بورڈ کو آزاد کشمیر آئی ٹی بورڈ کے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے ساتھ بھیlink کیا جائے گا۔یہ معاہدہ آزاد جموں و کشمیر میں شواہد پر مبنی پالیسی سازی، ڈیٹا کے معیار میں بہتری، اور ادارہ جاتی صلاحیت کے فروغ کی سمت میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ڈیٹافیسٹ میں طلبہ کی شمولیت نے نوجوان نسل میں ڈیٹا کے مؤثر استعمال کی آگاہی کو فروغ دیا، جو مستقبل میں پالیسی سازی کے عمل کو مزید سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں