69

سول ڈیفنس مظفرآباد کے زیرِ اہتمام میڈیکل کالج مظفرآباد میں فائر سیفٹی کے حوالے سے ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

ڈیلی دومیل نیوز.سول ڈیفنس مظفرآباد کے زیرِ اہتمام آزاد جموں و کشمیر میڈیکل کالج مظفرآباد میں فائر سیفٹی کے حوالے سے ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں کالج کے فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کے طلباء و طالبات کے علاوہ فیکلٹی ممبران اور دیگر عملے نے بھی بھرپور شرکت کی۔ورکشاپ کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس مظفرآبادنویداللہ حسن بخاری اور انسٹرکٹر عبدالباسط مغل نے فائر سیفٹی کی اہمیت، حادثات سے بچاؤ کے طریقہ کار، اور ابتدائی طبی امداد سے متعلق مفصل لیکچرز دیے۔بعد ازاں فائر ڈرل کا عملی مظاہرہ کیا گیا، جس میں شرکاء کو ایمرجنسی انخلا، آگ بجھانے کے آلات کے درست استعمال، اور ابتدائی طبی امداد کی عملی تربیت فراہم کی گئی۔ طلباء نے ورکشاپ میں بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسی تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہیں گے۔کالج انتظامیہ نے سول ڈیفنس مظفرآباد کی اس کاوش کو سراہا اور آئندہ بھی فائر سیفٹی سے متعلق تربیتی پروگرامز کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔سول ڈیفنس ٹیم نے اپنے دورہ کے دوران کالج کی نئی تعمیر شدہ عمارات میں فائر سیفٹی آلات کی عدم تنصیب کی نشاندہی کرتے ہوئے انتظامیہ کی توجہ اس جانب مبذول کروائی۔ مزید برآں، سول ڈیفنس مظفرآباد نے اعلان کیا کہ وہ میڈیکل کالج کی عمارات کے لیے ہنگامی انخلا کا فائر سیفٹی پلان تیار کرے گی، اور فائر الارم سسٹم و آگ بجھانے کے آلات کی تنصیب کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ اس اہم تعلیمی ادارے کو ممکنہ خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں