ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس شروع ہو گیا، جس کی صدارت اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کر رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی چوہدری قاسم مجید نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں پیش کی۔ اس موقع پر چوہدری قاسم مجید نے راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا نام بطور قائد ایوان پیش کیا۔ اپوزیشن کے اراکین سردار عبدالقیم نیازی اور خواجہ فاروق احمد بھی ایوان میں پہنچ گئے اور اجلاس میں شریک ہوئے۔
ایوان میں تتہ پانی بم دھماکے اور اسلام آباد بم دھماکے میں شہداء کے لیے دعائیں اور مغفرت بھی کی گئی۔ سپیکر اسمبلی نے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کو خطاب کے لیے مدعو کیا، جس پر وزیراعظم نے ایوان میں اپنا موقف پیش کیا۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے خطاب میں کہا کہ ’’یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ایک شخص ہی آئین اور انتظامی ڈھانچے کی تباہی کا ذمہ دار ہے، کیا میری کابینہ کے ممبران اس کے ذمہ دار نہیں۔ یہ خطاب میں اس لیے کر رہا ہوں کہ یہ باتیں ریکارڈ پر رہیں۔ اس ایوان نے مجھے جنم دیا، مجھے اس کے قتل کا خیال کیوں آنا چاہیے۔ آج ان سب کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں۔‘‘