106

آزاد کشمیر میں کینسر کے علاج کیلئے ہسپتال کا قیام خوش آئند ہے، وزیر اعظم پاکستان

ڈیلی دومیل نیوز،مظفرآباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں کینسر کی تشخیص اور علاج کے لیے قائم کیے گئے ہسپتال کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی کام نہیں، اور مریضوں کے علاج کے لیے 24 گھنٹے سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز مظفر آباد میں کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، آنکولوجی اینڈ ریڈیو تھراپی (کنور) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ آزاد کشمیر میں کینسر کے علاج اور تشخیص کے لیے ہسپتال قائم کیا گیا، جس سے پہلے مریضوں کو سینکڑوں میل کا سفر کرنا پڑتا تھا جو تکلیف دہ اور مہنگا تھا۔

وزیر اعظم کے ساتھ آزاد کشمیر کے وزیر اعلیٰ راجا فیصل ممتاز راٹھور، وفاقی وزراء احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ، امیر مقام، آزاد کشمیر کے ارکان اسمبلی، چیئرمین پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن، پروفیسرز، سرجنز اور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔

شہباز شریف نے اٹامک انرجی کمیشن، ایس پی ڈی، مخیر حضرات اور ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہسپتال کے قیام میں کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ وہ خود بھی کینسر کے مریض رہے ہیں اور اس مرض کے علاج کی مشکلات کا بخوبی ادراک رکھتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جدید وسائل اور ذرائع بروئے کار لاکر مریضوں کا علاج معالجہ کیا جائے اور سہولیات 24 گھنٹے فعال رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں