مظفرآباد (ڈیلی دومیل نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے اداروں اور نظام پر عوامی اعتماد کی بحالی اور عوام میں پائی جانے والی مایوسی کا خاتمہ اور امیدوں کا چراغ روشن کرنا ان کی حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔
اگر پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کے درمیان رہ کر ان کی بے چینی دور نہ کرتی تو نظام کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔
الیکٹرانک،ڈیجیٹل، اور سوشل میڈیا ایسا ہتھیار ہے جس کے دانشمندانہ استعمال سے تباہی کا راستہ روکنے اور امن کے قیام کو ممکن بنایا جاسکتا ہے ۔
ماضی میں مجھے بھی فیک نیوز اور جھوٹی تہمتوں کا سامنا کرنا پڑا اس لیے اس ذہنی کرب اور اذیت کو بخوبی سمجھتا ہوں ۔ جعلی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کا راستہ روکنا میری اولین ترجیح ہے۔
سوشل میڈیا کے دور میں فیک نیوز کا سدباب اور ذمہ دارانہ صحافت کا فروغ ریاست کے استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔
وزیراعظم ہاؤس مظفرآباد میں ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کے صدر آصف رضا میر کی سربراہی میں نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو میں اظہار خیال کیا۔