ڈیلی دومیل نیوز.تہران: ایران نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافات کے حل کے لیے مصالحتی کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی ہے۔ اس موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران خطے میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ای سی او وزرائے داخلہ اجلاس میں شرکت کے لیے ایک روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے، جہاں ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی تعاون اور علاقائی استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سرحدی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی اعتماد کے فروغ پر زور دیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ملاقات کے دوران واضح کیا کہ ایران پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافات کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و ترقی کے لیے تمام ممالک کو مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ خطے میں دیرپا استحکام لایا جا سکے۔