5

خسرہ روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم 17 تا 29 نومبر تک جاری رہے گی ڈاکٹر سردار منظور حسین

ڈیلی دومیل نیوز. پروونشل پروگرام منیجر ای پی آئی آزاد کشمیر ڈاکٹر سردار منظور حسین نے پیر کے روز یہاں صحافیوں کوخسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پورے ملک کی طرح محکمہ صحت عامہ کے پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے زیر اہتمام 17 تا 29 نومبر 2025 تک خسرہ روبیلا کی قومی مہم شروع ہو رہی ہے۔ اس مہم میں 06 ماہ سے 05 سال تک کی عمر کے بچوں کو خسرہ روبیلا کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ والدین اپنے 06 ماہ سے 05 سال تک کی عمر کے بچوں کو خسرہ جیسی مہلک بیماری سے بچاؤ کی ویکسین ضرور کروائیں جو کہ بچوں کے صحت مند محفوظ اور خوشحال مستقبل کی ضامن ہے۔ اس مہم کے دوران 852 تربیت یافتہ افراد پر مشتمل ٹیمیں ہسپتالوں کے ای پی ائی مراکز ، اسکولوں اور کمیونٹی سطح پر آوٹ ریچ سیشنز کے ذریعے ویکسینیشن کا عمل یقینی بنائیں گی۔ خسرہ روبیلا نہایت ہی خطرناک اور تیزی سے پھیلنے والی متعدی بیماری ہے جو بچوں میں تیز بخار، جسم پر سرخ دانے ، کھانسی، نمونیا اور دماغ کی سوزش کا سبب بنتی ہے۔ دنیا بھر میں ہر سال لاکھوں بچے خسرہ سے متاثر ہوتے ہیں جبکہ خسرہ سے متاثرہ بچوں کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر ہے۔ ملک میں خسرہ روبیلا ویکسین کی کم کوریج کے باعث ہر سال بچوں کی کافی تعداد ویکسین سے محروم رہ جاتی ہے جو وائرس کے پھیلاؤ اور خسرہ کی وباء کا باعث بنتی ہے اسی وجہ سے ہر 04 سال بعد ان بچوں کو دیکسین اور جن بچوں کی ویکسینیشن ہو چکی ہے ان کی بھی اضافی خوراک کے لئے خصوصی خسرہ روبیلا مہم کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ صرف سال 2024 میں پاکستان میں 23372 بچے خسرہ کا شکار ہوئے اور 265 بچوں کی اموات واقع ہوئیں۔ اس طرح آزاد کشمیر میں 2024 ء کے دوران 396 بچے خسرہ سے متاثر ہوئے اور 05 کی اموات ہوئیں۔ روٹین ویکسینیشن میں خسرہ کا ٹیکہ 09 ماہ اور 15 ماہ کی عمر میں لگایا جاتا ہے لیکن خسرہ سے متاثر ہونے والے بچوں کی بڑی تعداد 09 ماہ سے کم عمر کی ہے اس لئے اس مہم میں 06 ماہ سے 05 سال تک کے بچوں کو انجکشن لگایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس متعدد بیماری اور اس سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکہ خات کے حوالہ سے میڈیا عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے تاکہ لوگ اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوائیں اور انہیں اس بیماری سے محفوظ بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں